نئی دہلی،29؍مارچ(ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے آج سی بی ایس ای امتحان کا پیپرلیک ہونے کے معاملے میں ملوث لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ انہیں ان طالب علموں کے لئے افسوس اور دکھ ہے جو دوبارہ امتحان میں بیٹھیں گے۔ کیجریوال نے کہا کہ اس معاملے میں ذمہ داری طے ہونی چاہئے۔غور طلب ہے کہ پیپرلیک ہونے کی خبروں سے سی بی ایس ای نے کل دسویں کلاس کے ریاضی اور بارہویں کلاس کے معاشیات پیپرکا دوبارہ کرانے کا اعلان کیا تھا۔کیجریوال نے ٹویٹ کیاکہ مجھے واقعی ان طالب علموں کے لئے افسوس اور دکھ ہے جنہیں بغیر کسی غلطی کے دوبارہ امتحان دینا ہوگا۔ذمہ داری طے ہونی چاہئے اور ذمہ دار لوگوں کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہئے۔اس سے پہلے مرکزی انسانی وسائل کی ترقی کے وزیر پرکاش جاوڑیکر نے سی بی ایس ای پیپر لیک ہونے کے معاملے کو بدقسمتی بتایا تھا اور کہا تھا کہ مجرم بخشے نہیں جائیں گے۔